Monday, December 02, 2013

وخی تاجک کلچرل ایسوسی ایشن - ایک وضاحت


وخی تاجک کلچرل ایسوسی ایشن گوجال میں جڑیں رکھنے کے باوجود گلگت بلتستان میں بسنے والے وخیوں کی نمائیندہ اور نمایاں ثقافتی تنظیم ہے . وخی زبان اور ثقافت کی ترویج کے لیے اس ایسوسی ایشن کا قیام ۱۹۹۱ میں عمل میں لایا گیا تھا۔ اس کا چین یا تاجکستان سے براہ راست کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی اس کے قیام کا مقصد تاجکستان کی ثقافت کو اجاگر کرتا ہے۔ 

ایسے میں سوال ابھرتا ہے کہ ایسو سی ایشن کے نام میں وخی تاجک لکھنے کی ضرورت کیوں پیش آئی، صرف وخی کیوں نہیں؟ یہ سوال اس لیے ابھرتا ہے کیونکہ گلگت بلتستان کے کچھ باشندے لفظ تاجک کے استعمال سے غیر ضروری طور پر شکوک اور ابہام کا شکار ہو جاتے ہیں.    اس ابہام کو دور کرنا اہم ہے.

میری معلومات کے مطابق چین میں وخی بولنے والوں کو "تاجک" کہا جاتا ہے جبکہ تاجکستان اور افغانستان میں ان کو "پامیری" یا پھر "وخی" کے نام سے پکارا جاتا ہے۔ یہ بلکل ویسا ہی ہے جیسے مرکزی ہنزہ میں وخی بولنے والوں کو "گوئیس"، چترال میں "ویخیک" یا پھر پونیال میں "گوجو" کے نام سے پکارا جاتاہے. 

شاہراہ قراقرم کی تعمیر اور خنجراب کے ذریعے آمد ورفت شروع ہونے کے بعد گوجال کے وخی چین جانے لگے تو انہیں پتہ چلا کہ وہاں ان کو "تاجک" کہا جاتا ہے۔ غالبا اسی لیے کلچرل ایسوسی ایشن کا نام رکھتے ہوے لفظ وخی اور تاجک، دونوں، کا استعمال کیا گیا۔ 

لہذا، گلگت بلتستان کے تناظر میں جب بھی لفظ تاجک استعمال ہو تو اس سے مراد وخی بولنے والے ہی ہوتے ہیں، نہ کہ تاجکستان کے باشندے۔
..........
یہ تحریر ٢٣ اکتوبر کو فیس بک پر پوسٹ کی گئی تھی. یہ وضاحت لکھنے کی ضرورت پیش اس لیے آئی تھی کیونکہ قانون ساز اسمبلی میں دو ارکان نے \"تاجک\" ثقافت کا لیبل لگا کر وادی گوجال میں سلک روٹ فیسٹیول روکنے کی کوشش کی تھی.

0 comments:

اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

Your comment is awaiting moderation.

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔