Monday, September 11, 2017

تاو چنگ

تاو چنگ ایک ایسا لفظ ہے جسے سُنتے ہی ہمسایہ ملک چین کی یاد آجاتی ہے، اور کیوں نہ ہو!
 ہُو جِن تاو چین کے صدر رہے، جبکہ چنگ کروڑوں چینی باشندوں کے نام میں شامل ہے۔ اس لئے تاو چنگ کو چین سے منسلک کرنا منطقی ہے۔

نیز، تاو تے چنگ ایک مشہور چینی کتاب کا بھی نام ہے، جسے چینی تاریخ میں اہم مقام حاصل ہے۔ کہا جاتا ہے کہ تاو تے چنگ نامی یہ کتاب سینکڑوں سال قبلِ مسیح تحریر کی گئی تھی، لیکن مصنف کے بارے میں کوئی حتمی معلومات میسر نہیں ہیں۔ عین ممکن نے کہ مختلف لوگوں نے اسی کلاسیکی کتاب کی تصنیف میں کردار ادا کیا ہو۔

انٹرنیٹ پر موجود مواد کے مطابق لفظ تاو چینی زبان میں "راستے "، "راہ"، "سڑک" کو کہتے ہیں۔ نیز تاو نام کا ایک مذہب چین کی تاریخ میں بہت مشہور رہا ہے، جسے آج بھی تاویزم (تاو ایزم) کے نام سے جانا جاتا ہے۔ 

لفظ چنگ لغوی اعتبار سے مختلف معنوں میں استعمال ہوا ہے۔ مثلاً چینی تاریخ کے مانچو دور (سترہویں سے انیسویں صدی) سے تعلق رکھنے والے افراد یا اشیا کو چنگ کہہ کر پُکارا گیا ہے۔
اسی طرح، چنگ ایک انتہائی قدیم  مذہبی صحیفے کا بھی نام رہا ہے۔

درج بالا حقائق سے معلوم ہوتا ہے کہ  
لفظ تاو اور چنگ چین کی تاریخ میں یقیناً بہت اہمیت رکھتے ہیں۔ ان الفاظ کی اہمیت گلگت بلتستان کی تاریخ میں بھی ہے۔

سینکڑوں سالوں تک جو چیتھڑے، بشمول جانوروں کی سوکھی ہوئی کھال اور کپڑے، جوتوں کی جگہ، پاوں میں چمڑے سے بنی ڈوریوں اور گھاس پوس سے بنی رسیوں کی مدد سے باندھ کر یہاں کے باسی شکار کرنے، یا گلہ بانی کرنے، پہاڑوں پر چلے جاتے تھے، ان بندھے ہوے چھیتڑوں کو بھی بروشسکی، اور وخی، میں تاوچنگ کا نام دیا جاتا ہے۔

کھوار میں لفظ تاچنگ مستعمل ہے، جبکہ شینا میں تھاوتے استعمال کیا جاتا ہے۔ 

وجہ تسمیہ معلوم نہیں۔

0 comments:

اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

Your comment is awaiting moderation.

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔