Tuesday, February 10, 2015

آپ کے ساتھ ایک سیلفی لینی ہے.


بھائی آپ کے جوتے پالش کر لوں

سر ہلا. جواب نفی میں تھا. 

تھوڑی دیر کے لیے خاموشی رہی. 

بھائی آپ مجھے کھانا کھلا سکتے ہیں. مجھے پیسے نہیں چاہیے. 

بھوک لگی ہے. آپ خود ہوٹل والے کو دیدے. 

بیٹھ جاو، آواز آئی 

بہت شکریہ بھائی. اللہ آپ کو عزت دے. مہربانی 

"یار بات سنو"، ویٹر کو بلایا جاتا ہے.  

جی سر. 

یار ان کو کھانا کھلادو. 

کیاکھاوگے. لہجے میں رعونت کی ہلکی سی جھلک ہے. 

"شکریہ بھائی. کچھ بھی کھلا دے". 

سر اسے قورمہ دے دوں؟ 

ہاں یار، دے دو. 

ویٹر چلا جاتا ہے. 

ادھر کرسی پر بیٹھو. 

جی اچھا بھائی. اللہ آپ کو عزت دے. 

تھوڑی دیر کے لیے خاموشی رہتی ہے. 

بس کیا کرے بھائی، بھاولپور سے آیا ہوں. یہاں کا نہیں ہوں. کاریگر ہوں، مگر کام نہیں ہے. بھوک لگی تھی. اللہ آپ کو عزت دے. 

آواز مناسب اور انداز جینوئن لگ رہا ہے. 

کس چیز کے کاریگر ہو. 

موچی ہوں سر. جوتے مرمت کرتا ہوں. بیگ سیتا ہوں. چمڑے کی ساری چیزیں ٹھیک کر سکتا ہوں. بس سامان نہیں ہے میرے پاس. اپنا کام شروع نہیں کر پاررہا ہوں. اسطرح تھیلے میں کچھ اوزار لیے گھوم رہا ہوں. بہت مشکل سے کام ملتا ہے. 

ہوں ..اچھا 

بہت ساروں کو بتایا ہے بھائی کہ میرا شناختی کارڈ رکھ کر مجھے تھوڑے پیسے ادھار دے ، تاکہ میں اپنے اوزار خرید کر کام شروع کر سکوں. لیکن ، مسکر اتے ہوے، آپ کو تو پتہ ہے کہ لوگ یہاں پیسے نہیں دیتے. بھروسہ نہیں کرتے. 

اچھا .... 

میری فیملی کا شناختی کارڈ بھی ہے میرے پاس. یہ آپ بھی دیکھ لے. 

دو مڑے تڑے شناختی کارڈ آگے بڑھائے جاتے ہیں. "فیملی" سے مراد بیوی ہے، کیونکہ ایک شناختی کارڈ پر ایک لڑکی کی تصویر ہے. 

بس سر، میں تو یہ بھی کہتا ہوں کہ بے شک میرے ساتھ چل کر خود ہی دیکھ لے. مجھے پیسے بھی نہ دے. میں بتادوں گا، 

بس کوئی اوزار خرید کر دے. تاکہ میں اپنا کام خود شروع کروں. انشاللہ کام میں اللہ برکت دے گا. 

سکول گئے ہو کبھی؟ 

نہیں بھائی. بس دو تین ہی پڑھی ہیں. والد نے کوشش بہت کی. اب بوڑھا ہو چکا ہے. نظریں بہت کمزور ہیں. اس لیے مجھے ڈھونڈنا پڑ رہا ہے. 

اچھا ..... 

ویٹر کھانا لاتا ہے. 

بھائی میں نے روٹی منگوائی تھی. نان نہیں. ویٹر اس کے میلے کچیلے کپڑوں پر ایک نظر ڈالتا ہے، پاؤں میں پھٹے سلیپر دیکھتا ہے، اور کہتا ہے کہ اس نے روٹی نہیں نان ہی منگوایا تھا. 

لڑکا کھانا شروع کرتا ہے. 

"بس بھائی، اللہ آپ کو عزت دے. آپ بے شک چل کر میرے ساتھ گھر تک آجائیں. حالات دیکھ لے. پیسے میں تھوڑی تھوڑی 
کر کے واپس بھی کر دونگا". 

تمہاری رہائش کہاں ہے. 

لڑکا اپنے علاقے کا نام بتاتاہے. 

"مسجد کے قریب ہی ہمارا گھر ہے. دو چھوٹے میں نے مدرسے میں بھی داخل کر رکھا ہے. ایک چھٹا سیپارہ پڑھ رہا ہے اور ایک دوسرا". 

ہوں .... اچھا 

کتنے پپیسے لگیں گے اوزار خرید نے کے لیے؟ 

جی یہی کوئی چار ہزار روپوں میں ضروری سامان آ جائیگا. میں دھیرے دھیرے پیسے واپس بھی کر دونگا. 

محنت کرو گے؟ ایمانداری سے کام کروگے؟ 

ویٹر بل لے کر آیا. 

جی بھائی بالکل. اللہ آپ کو عزت دے. آپ کی مشکل آسان کرے. 

ہوں... اچھا ... میرے ساتھ آؤ 

اے ٹی ایم کا دروازہ کھلتا ہے. 

یہ لو تین ہزار روپے. میں بھی کم آمدنی والا بندہ ہوں. پورے پیسے نہیں دے سکتا. بنیادی سامان خرید لو. محنت کرو اور 

دھیرے دھیرے کام بڑھاو.  مجھے واپس دینے کی ضرورت نہیں ہے. 

بہت شکریہ بھائی. اگر چار ہزار پورے ملتے تو بہت اچھا رہتا. اللہ آپ کو عزت دے. 

تھوڑی دیر خاموشی رہتی ہے...

محنت کروگے؟ ایماندار لگتے ہو. پیسے برباد تو نہیں کروگے؟ 

نہیں بھائی. آپ میرے ساتھ چل کر خود مجھے اوزار دلوا دے. پیسے مجھے نہ دے. 

وہ تین ہزار روپے واپس بڑھاتا ہے. 

ہوں .. اچھا .... رکھ لو. یہ لو ہزار روپے. لیکن بھائی پیسے ضائع نہ کرنا. محنت کی کمائی ہے. میں بھی کم آمدنی والا بندہ 
ہوں. 

بہت شکریہ بھائی. اللہ آپ کو عزت دے. اللہ آپ کو بہت دے. 

ہوں.... اچھا ... یار ... 

بھائی ... شرماتے ہوے ..... آپ ادھر آ سکتے ہیں پلیزمیرے پاس. 

آپ کے ساتھ ایک سیلفی لینی ہے. 

ہوں ...... اچھا 

(افسانچہ) 

2 comments:

Unknown نے لکھا ہے کہ

bohot khoob :)

Unknown نے لکھا ہے کہ

مودی کا رشتہدار ھوگا

اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

Your comment is awaiting moderation.

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔